لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کی سہولت بڑھا دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ دو ہفتوں میں پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا، لاک ڈاؤن سے فائدہ ہوا۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ پر کورونا وارڈ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ہم روزانہ 3 ہزار ٹیسٹ کر رہے ہیں، کورونا سے بچنے کیلئے ماسک ضرور پہنیں، 60 سال سے زائد عمر کے افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں بیڈز مختص کر دیئے، حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ تعداد تبلیغی جماعت کے کارکنوں اور زائرین کی ہے، جو حالات نظر آرہے ہیں اس میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہی ہوں، لوگوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور احتیاط کریں، اپنے بزرگوں کی صحت کے لئے ان سے فاصلہ اختیار کریں۔