واشنگٹن: (دنیا نیوز) کرونا ایک سو نو ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 830 ہو گئی، اٹلی میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 366 ہو گئی، سعودی عرب میں کرونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق، تعداد 11 ہو گئی، مشرقی صوبہ قطیف میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔
دنیا بھرمیں کرونا کا خوف، 109 ممالک لپیٹ میں آ گئے۔ 3 ہزار 830 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 119 ہے۔ اٹلی میں ایک روز میں 133 افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں کی تعداد 366 ہو گئی۔ آرمی چیف بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ حکومت نے ملک کی 25 فی صد آبادی کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ایران میں ایک سو چورانوے افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکا کی چونتیس ریاستوں میں 539 کیس سامنے آ گئے۔ فرانس میں انیس، جنوبی کوریا میں 53، اسپین میں 17، امریکا میں بائیس، عراق میں چھ، مصر میں ایک شخص کرونا کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔
سعودی عرب میں گیارہ افراد میں کرونا کی تشخیص کے بعد مشرقی علاقے قطیف کو بند کردیا گیا۔ آمدورفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ریاض میں تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دیئے گئے۔