کرونا کا خطرہ: پاک افغان چمن بارڈر کی بندش میں ایک ہفتے کی توسیع

Last Updated On 09 March,2020 11:01 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان بارڈر کو مزید 7 روز کے لئے بند کر دیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان سرحد آٹھویں روز بھی بند رہی، وفاقی حکومت کے حکم کے تحت پاک افغان بارڈر آج آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھلنا تھا تاہم وفاقی حکومت کی ہدایت پر باب دوستی مزید 7 روز تک بند کر دیا گیا۔

گذشتہ روز ایف سی حکام کیساتھ چیمبر آف کامرس، قبائلی عمائدین نے ایک اجلاس میں پاک افغان بارڈر کی مذید بندش سے اختلاف کیا تھا تاہم صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے سرحد کو مزید بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کیساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان سے فریش فروٹ اور سبزی جات کی افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کو ایکسپورٹ بھی ہونے سے مال خراب ہونے کا خدشہ ہے، جس سے تاجر برادری کو مالی نقصان ہو رہا ہے۔ یو ای ایچ سی آر کے مطابق باب دوستی بندش میں توسیع، افغان مہاجرین کی رضا کارانہ طور پر واپسی بھی تعطل کا شکار ہے، باب دوستی کھلنے کی صورت میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

محکمہ صحت کے مطابق پاک افغان سرحد پر 15 ہزار سے زائد افراد کی سکرینگ کی جا چکی ہے۔ پاک افغان سرحد کھلنے کے بعد بھی سکرینگ کا عمل جاری رہے گا۔