نیو یارک: (دنیا نیوز) برطانیہ نے امریکا کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ایرانی تیل بردار جہاز کو آزاد کر دیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی جہاز مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے بحیرہ روم سے یونان کی جانب روانہ ہوا، ایران نے امریکا کو خبر دار کیا ہے کہ تیل بردار بحری جہاز پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کو رسمی طور پر خبردارکردیا گیا ہے، جہاز کو پکڑنے کی صورت میں امریکا کو سنگین نتائج بھگتنا ہونگے،
اُدھر امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیسے آغاز کریں، ایرانی مغرورلوگ ہیں مگر انکی معیشت تباہ ہو رہی ہے، تہران نے امریکا کا جہاز کبھی نہیں پکڑا اور نہ کبھی ایسی غلطی کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ برطانیہ کی بحریہ نے جبرالٹر کے پانیوں میں ایرانی تیل بردار جہاز پکڑ لیا تھا، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خام تیل شام لیجانا چاہتا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گریس ون نامی آئل ٹینکر کو جنوبی اسپین کے قریب بحر روم میں برطانیہ کے زیر اثر علاقے میں قبضے میں لیا گیا، خیال رہے کہ اسپین کا جنوبی علاقہ جبرالٹر برطانیہ کے کنٹرول میں ہے۔
ایران نے برطانیہ کے اس اقدام پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کے سفیر کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ ایران کے سفارتی ذرائع کے مطابق برطانیہ کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔
جبرالٹر حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس شواہد موجود ہیں کہ آئل ٹینکر یورپی یونین کی پابندیوں کی فہرست میں شامل شام کی ایک ریفائنری کو تیل پہنچانا چاہتا تھا۔