ایران نے ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

Last Updated On 04 August,2019 06:22 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب نے خلیج فارس میں ایک اور غیر ملکی آئل ٹینکر کو تیل اور عملے سمیت تحویل میں لے لیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو کے دوران پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر بدھ کے روز تیل بردار جہاز کو قبضے میں لیا گیا۔

غیر ملکی جہاز دوسری کشتیوں سے تیل لے کر اسے دیگرعرب ممالک کو سمگل کر رہا تھا۔ سپاہ پاسداران انقلاب نے 7 لاکھ لٹر تیل اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عملے کے 7 افراد کو بھی حراست میں لے لیا تاہم جہاز کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

اس سے قبل 19 جون کو ایرانی پاسداران انقلاب نے برطانوی آئل ٹینکر کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر قبضے میں لیا تھا۔