ایران نے افزودہ یورینئم کی 300 کلو سے زیادہ مقدار ذخیرہ کر لی، عالمی جوہری ادارہ

Last Updated On 02 July,2019 05:20 pm

ویانا: (دنیا نیوز) عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے نے کہا ہے کہ ایران نے افزودہ یورینئم کی تین سو کلو سے زیادہ مقدار ذخیرہ کر لی ہے، امریکا نے دباؤ کی حکمت عملی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ برطانیہ اور جرمنی نے تہران سے فیصلہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کا ایران نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے یورپی ممالک معاہدے کے تحفظ میں ناکام ہو گئے۔

امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی اورپابندیوں کا جواب، ایران نے 2015 کے عالمی جوہری معاہدے میں مقررہ حد سے زیادہ یورینئم ذخیرہ کر لی۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ معائنہ کاروں نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے طے کی گئی تین سو کلو حد عبور کر لی ہے۔ امریکا نے ردعمل دیا ہے کہ تہران کو کسی بھی سطح پر یورینئم کی افزودگی کی اجازت دینا ایک غلطی تھی۔ اس کی زیادہ دباؤ کی حکمتِ عملی جاری رہے گی۔

برطانیہ اور جرمنی نے تہران سے فیصلہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفان ڈوجارک کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلے سے ایران کی عوام کو کسی قسم کا کوئی معاشی فائدہ نہیں ہو گا۔

ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے، یورپی ممالک جوہری معاہدے کے تحت ایران کے مفادات کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں۔