امریکا نے ایران کے خلاف سائبر جنگ شروع کر دی، امریکی اخبار کا دعویٰ

Last Updated On 23 June,2019 12:45 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے ایران کے خلاف سائبر جنگ شروع کر دی، واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ راکٹ اور میزائل لانچ سے متعلق کمپیوٹرسسٹم غیر فعال کر دیا گیا، امریکی صدر نے مزید کہا کہ حملے کا حکم واپس نہیں لیا، کارروائی مناسب وقت کیلئے روکی گئی ہے۔

امریکا نے ایران کے خلاف سائبر جنگ کا آغاز کر دیا۔ واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی کمپیوٹر سسٹم پر سائبر حملوں کی منظوری دی جس کے بعد سائبر حملوں سے راکٹ اور میزائل لانچرز کنٹرول کرنے والے ایرانی کمپیوٹر سسٹم کو غیر فعال کر دیا گیا۔

اس سے پہلے امریکی صدر نے رات گئے ٹوئیٹ کی۔ کبھی بھی تہران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ واپس نہیں لیا۔ لوگ غلط رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ کارروائی صرف روکی گئی ہےجو درست وقت پر ہوگی۔ امریکی صدر ایران پر پیر کےروز سے مزید پابندیاں عائد کرنے کااعلان کر چکے ہیں۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکا کو جواب دیتے ہوئے خبردار کیا ہےکہ کسی بھی کارروائی کے واشنگٹن کو بدترین نتائج بھگتنے ہونگے۔ ایران کی طرف ایک گولی بھی چلائی گئی تو یہ امریکا اور اسکے اتحادیوں کے لیے تباہ کن ہو گی۔