موگا: (ویب ڈیسک) بھارت میں بارات لانے والے دولہے کو اُس وقت دھچکا لگا جب اسے دلہن ملی اور نہ ہی وہ شادی ہال ملا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ دیپک کمار شادی کرنے کیلئے دبئی سے بھارتی ریاست پنجاب پہنچا، اس کی تین سال قبل منپریت سے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی لیکن دونوں نے کبھی ملاقات نہیں کی۔
دیپک کمار شادی کیلئے ایک ماہ قبل دبئی سے واپس آیا تھا، اس نے منپریت کے اہل خانہ کے ساتھ فون کالز پر بات چیت کے ذریعے شادی طے کی تھی۔
شادی کے دن دیپک کمار نے بارات کے ساتھ موگا کا سفر طے کیا جہاں دلہن والوں نے شادی ہال بُک کرایا تھا، لیکن جب یہ لوگ وہاں پہنچے تو حقیقت کھل کر سامنے آگئی، دیپک کمار کے اہل خانہ نے جب ’روز گارڈن پیلس‘ شادی ہال کے بارے میں پوچھا تو لوگوں نے بتایا کہ موگا میں ایسی کوئی جگہ نہیں۔
متاثرہ دولہے نے بتایا کہ منپریت کے ساتھ صرف انسٹاگرام پر ہی بات چیت ہوتی تھی اور ہماری کبھی ملاقات نہیں ہوئی، لڑکی کے والدین نے فون پر شادی طے کی تھی اور تقریب کیلئے 50 ہزار روپے بھی مانگے تھے جو میں نے ادا کر دیئے تھے۔
دیپک کمار کے والد پریم چند نے کہا کہ انہوں نے ٹیکسیاں کرایہ پر لی تھیں، کیٹرنگ کا انتظام کیا تھا اور تقریب کیلئے ایک ویڈیو گرافر بک کرایا تھا۔
پولیس نے دیپک کمار کی شکایت پر لڑکی والوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے معاملے کی مزید انکوائری شروع کر دی۔