خوشبودار ٹالکم پاؤڈر نے شہری کو جیل پہنچا دیا

Published On 06 December,2024 11:00 am

ارجنٹینا: (ویب ڈیسک) خوشبودار ٹالکم پاؤڈر نے شہری کو جیل پہنچا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا ہے جہاں پولیس نے میکسیمیلیانو نامی شخص کی تلاشی کے دوران اس کے پاس موجود ٹالکم پاؤڈر کو غلط فہمی میں کوکین سمجھ لیا اور بغیر اس کا موقف جانے شہری کو جیل بھیج دیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ شہری اکوسٹا مینڈوزا کے قصبے سے دارالحکومت بیونس آئرس جانے کیلئے بس میں سوار ہوا تھا کہ کچھ دیر بعد ہی بس کو پولیس نے روکا اور مسافروں کی تلاشی لی جس میں میکسیمیلیانو کے پاس سے ٹالکم پاؤڈر کے 18 ڈبے برآمد ہوئے۔

پولیس نے شہری کی جانب سے یہ بتائے جانے کے باوجود کہ یہ منشیات نہیں بلکہ ٹالکم پاؤڈر ہے، اس کی ایک نہ سنی اور حراست میں لے کر اسے جیل بھیج دیا جبکہ پاؤڈر کو تحقیقات کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا۔

لیبارٹری میں سفید سفوف کی حقیقت جاننے کیلئے پولیس کو تین ہفتے لگے اور جب تک وہ شخص بے گناہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید رہا، ٹیسٹ کا نتیجہ آیا تو پولیس حکام کو پتہ چلا کہ شہری درست کہہ رہا تھا کہ یہ منشیات نہیں بلکہ ٹالکم پاؤڈر تھا جس کے بعد اسے رہا کر دیا گیا۔