نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی محکمہ ریلوے نے بغیر ڈرائیور کے ایک مال بردار ٹرین کے 70 کلومیٹر سے بھی زیادہ سفر کرنے کے واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔
حیرت انگیز طور پر ٹرین نے اتنا طویل سفر طے کیا جبکہ بھارتی ریلوے اہلکاروں کو پٹری پر لکڑی کی رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹرین کو روکنے میں کامیابی مل گئی۔
بھارت میں دو روز قبل لوگ اس وقت حیرت زدہ رہے گئے جب بغیر ڈرائیور کے ایک مال بردار ٹرین کو جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ سے ریاست پنجاب کے ضلع ہوشیار پور کی جانب دوڑتے ہوئے دیکھا، اس دوران یہ ٹرین تیز رفتاری کے ساتھ کئی سٹیشنوں سے گزرتی رہی۔
بھارتی محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین کو اہلکاروں نے ٹریک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے قابو میں کر لیا اور اس دوران کسی کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے مال بردار ٹرین 53 ڈبوں پر مشتمل تھی، جس پر پتھرلدے ہوئے تھے اور یہ جموں سے پنجاب کی طرف جا رہی تھی، ٹرین میں عملے کی تبدیلی کے لیے یہ کٹھوعہ میں رکی۔