نیویارک : ( ویب ڈیسک ) نمک کے دانے سے بھی چھوٹا ایک خوردبینی ہینڈ بیگ نیلامی میں 63,750 ڈالر میں فروخت ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق بروکلین سے تعلق رکھنے والی آرٹ کمپنی ( MSCHF) اپنے متنازعہ ڈیزائن کے لیے جانی جاتی ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اتنا چھوٹا بیگ ہے جسے دیکھنے کے لیے آپ کو ایک خوردبین کی ضرورت پڑے گی۔
کمپنی کی جانب سے بیگ کے بارے میں ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ بڑے ہینڈ بیگ، نارمل ہینڈ بیگ اور چھوٹے ہینڈ بیگز ہوتے ہیں لیکن یہ بیگ کی سب سے چھوٹی شکل ہے، اس بیگ میں لگژری ہینڈ بیگ ڈیزائنر ’ لوئس ووٹن ‘ کی برانڈنگ ہے لیکن اس کا برانڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فوٹو پولیمر رال سے بنا ہے اور اسے 3D پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے جو اکثر چھوٹے میکانیکل ماڈلز اور ڈھانچے بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ایک میگزین کی رپورٹ کے مطابق جب اسے بنایا جا رہا تھا تو برانڈ کی طرف سے جائزہ لینے کے لیے بھیجے گئے کچھ چھوٹے بیگ کے نمونے اتنے چھوٹے تھے کہ انہیں کمپنی کی ٹیم نے بھی کھو دیا۔