مکڑی نے جال میں پھنسی چمگادڑ کا شکار کر لیا

Published On 07 May,2023 10:23 am

کوئنز لینڈ: (ویب ڈیسک) اگرچہ مکڑیاں چھوٹے حشرات کو رغبت سے کھاتی ہیں لیکن ایک مکڑی کو جال میں پھنسی چمگادڑ کے گوشے کھانے کی تصاویر جاری ہوئی ہیں۔

کوئنزلینڈ کے دوردراز گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں گولڈن اورب اسپائیڈر کے جالے میں چمگادڑ کا ایک چھوٹا بچہ پھنس گیا تھا، مکڑی نہ صرف اس کے قریب آئی بلکہ وہ اسے کھانے بھی لگی۔

چمگادڑوں کے ماہر کا خیال ہے کہ اپنی سونار خاصیت کی بنا پر عموماً چمگادڑیں جالے میں نہیں پھنستی تاہم یہ چھوٹا بچہ غلطی سے الجھ کر بے بس ہوگیا۔

میگن رائٹ نامی خاتون کہتی ہیں کہ یہ جالا ان کے گھر کے باہر بُنا گیا تھا، جب انہوں نے غور سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ چمگادڑ کا بچہ جال میں پھنسا ہے اور مکڑی اس کے حصے کھا رہی ہے، اسپائیڈر اورب مکڑیاں خود بھی بہت بڑی ہوتی ہیں اور پرکشش بڑے جال بُنتی ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس قسم کی مکڑی بڑے جانوروں کے دھڑ کے اندرونی کچھ حصے کھاتی ہیں اور ہاتھ پیروں میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔