تائپے: (ویب ڈیسک) تائیوان کی شپنگ کمپنی نے اپنے ملازمین کیلئے 4 سال کی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان کر دیا۔
عالمی معیشت کی خبروں کے امریکی ادارے بلومبرگ کے مطابق تائیوان کی شپنگ کمپنی ایورگرین میرین کارپوریشن کیلئے گزشتہ سال نہایت شاندار رہا ہے اور اس کا پھل اس نے ملازمین کو دیا ہے، کمپنی 50 ماہ کی تنخواہ یا اوسطاً چار برس سے زیادہ تنخواہ کے برابر سال کے آخر میں بونس دے رہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ سال کے آخر میں بونس ہمیشہ سالانہ کارکردگی اور ملازمین کی انفرادی کارکردگی پر مبنی ہوتے ہیں، بونس دینے کی وجہ گزشتہ دو برسوں کے دوران انڈسٹری کی بے مثال ترقی کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کورونا وبا کی وجہ سے اشیاء کی مانگ کے ساتھ مال برداری کے کرایوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، کمپنی کا 2022 کا ریونیو 20 ارب 70 کروڑ ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے جو 2020 کی سیلز سے 3 گنا زیادہ ہے۔