ڈاکار: (ویب ڈیسک) جنوبی سینیگال میں ایک شخص نے اگلے پانچ سالوں میں 50 لاکھ درخت لگانے کا عزم کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہسپانوی نجی ادارے میں بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر کام کرنے والے 48 سالہ ایڈم ڈیمی نے اگلے 5 سالوں کے دوران 50 لاکھ درخت لگانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سینیگال کے جنوب میں واقع کاسا مینس کا رہائشی ایڈم نامی شخص جب سپین سے 2 سال بعد اپنے علاقے میں واپس آیا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کے گاؤں میں لگے درختوں کی تعداد میں خطرناک حد تک کمی ہوچکی ہے اور اردگرد کے دیہاتوں میں جو اس کی جوانی میں سینکڑوں بڑے درختوں سے آباد تھے، اب صرف مٹھی بھر باقی رہ گئے ہیں۔
ایڈم نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہاں بعض دیہاتوں میں ایک درخت بھی نہیں ملتا کیونکہ لوگ درخت کاٹ کر استعمال کر لیتے ہیں اور دوبارہ لگاتے نہیں ہیں۔