سمندری گھاس دنیا کا سب سے بڑا پودا قرار

Published On 02 June,2022 05:17 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے آسٹریلوی سمندر میں دنیا کا سب سے بڑا پودا دریافت کرلیا، یہ پودا سمندری گھاس پر مشتمل سبزہ زار ہے۔

جینیاتی تجزیہ کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ زیر سمندر موجود سبز گھاس کا یہ میدان ایک ہی جاندار پودا ہے جو کہ 180 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور پچھلے ساڑھے 4 ہزار سال سے پھیلتا جا رہا ہے۔

یہ تحقیق گزشتہ روز سائنسی جرنل رائل سوسائٹی میں شائع ہوئی۔ سائنسدانوں نے تصدیق کی کہ یہ پورا سبزہ زار صرف ایک جاندار پودا ہے۔ انہوں نے سبزہ زار میں موجود سمندری گھاس کو مختلف جگہوں سے جمع کیا اور اس کے ڈی این اے کے نمونوں کا جائزہ لیا۔

یہ پودا اپنی ہی کلوننگ کرکے پھیلتا چلا جا رہا ہے، سائنسدانوں کے مطابق یہ کرہ ارض پر معلوم شدہ کلوننگ کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ سمندری گھاس بہت بڑی ہے لیکن یہ بہت کمزور ہے۔ ایک دہائی قبل سمندری طوفانوں اور درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے 18 مربع کلومیٹر کی گھاس ختم ہوگئی جو کہ اس پودے کا دسواں حصہ تھا۔