نایاب مرض کی شکار بچی ٹک ٹاک سٹار بن گئی

Published On 01 June,2022 10:45 am

ایڈیلیڈ :(روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں نایاب ترین جسمانی کیفیت کے ساتھ پیدا ہونے والی ایک بچی ٹک ٹاک اسٹار بن چکی ہے اور اس کی ویڈیو کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

دسمبر 2021 میں جنوبی آسٹریلیا کے شہر ایڈیلڈ میں خاتون کرسٹینا ورشر اور ان کے شوہر بلیز میوشا نے جب اپنی پہلی بچی کو دیکھا تو وہ حیران رہ گئے کیونکہ اس کا منہ کھلا ہوا تھا اور ہونٹوں کے دونوں اطراف لکیریں تھی جس سے وہ مسلسل مسکراتی ہوئی لگ رہی تھی۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی بیٹی ’بائی لیٹرل میکرواسٹومیا‘ کی شکار ہیں جس میں دونوں ہونٹوں کے کنارے آپس میں باہم نہیں مل پاتے۔

اس کے بعد والدین نے ایک ٹِک ٹاک چینل بنایا تاکہ لوگوں کو اس مرض سے آگہی فراہم کی جائے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ چینل اتنا مقبول ہوا کہ صرف ایک چھوٹی ویڈیو کو اب تک 4 کروڑ 60 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ لوگوں نے بچی کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے اس کی مزید ویڈیو کی فرمائش کی ہے۔