پائلٹوں کی دوران پرواز طیارے تبدیل کرنے کی کوشش ناکام

Published On 28 April,2022 10:28 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) دو پائلٹوں کے درمیان فضا میں طیاروں کو تبدیل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی، ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں 2 پائلٹوں نے فضا میں اپنے طیارے تبدیل کرنے کا کرتب دکھانے کی کوشش کی جو بری طرح ناکام رہی اور ایک طیارہ زمین بوس ہو گیا۔ ریڈ بل کمپنی کے طیاروں میں دو فضائی غوطہ خوروں نے "پلین سویپ " کرتب دکھانے کی کوشش کی جس کے دوران ایک طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، زمین پر گرنے والے طیارے کے پائلٹ نے پیراشوٹ کی مدد سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔

"پلین سویپ " ایک ایسا کرتب ہوتا ہے جس میں دو پیراگلائیڈرز جو جہاز اڑانا بھی جانتے ہیں الگ الگ طیارے میں پرواز بھرتے ہیں اور فضا میں اپنے طیارے سے نکل کر دوسرے طیارے میں داخل ہوتے ہیں اور پھر لینڈنگ کرتے ہیں۔