امریکہ میں ٹرک سے انسانی سروں سے بھرا صندوق چوری کر لیا گیا

Published On 08 March,2022 10:55 am

ڈینور: (دنیا نیوز) امریکہ میں کوریئر کمپنی کی وین سے انسانی سروں سے بھرا صندوق چوری کر لیا گیا، پولیس اب تک مجرموں کی تلاش میں ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ڈینور میں پیش آیا جہاں ایک وین کے ذریعے انسانی سر طبی تدریس و تحقیق کیلئے دوسرے مقام پر بھیجے جا رہے تھے، صبح 11 بجے ڈینور سینٹرل پارک کے اطراف میں کھڑی وین میں انکشاف ہوا کہ سروں سے بھرا ڈبہ موجود نہیں۔ پولیس تفتیش سے معلوم ہوا کہ واردات بدھ کو اڑھائی بجے سے لے کر جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے کے درمیان ہوئی تھی، چوروں نے بہت چالاکی سے ڈبہ اٹھا کر ہاتھ گاڑی (ڈولی کارٹ) پر رکھا اور اطمینان سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق انسانی سر سفید اور نیلے کارڈ بورڈ میں رکھے گئے تھے جس پر سائنس کیئر تحریر تھا۔ یہ ایک کمپنی کا نام ہے جو عطیہ کردہ انسانی سر فراہم کرتی ہے جو تعلیم اور سائنسی تحقیق کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ سائنس کیئر کا صدر دفتر بھی ڈینور میں واقعہ ہے، چوری کا واقعہ 16 کلومیٹر دور پیش آیا۔