چین: بچوں کے سر گول کرنے والے ہیلمٹ کا رجحان بڑھنے لگا

Published On 05 November,2021 11:34 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں ان دنوں بچوں کے سر گول بنانے کا سلسلہ جاری ہے، والدین اپنے بچوں کے سر کو گول شکل میں ڈھالنے والے ہیلمٹ اور ٹوپیوں پر ہزاروں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں جس کا سر جتنا گول ہو وہ اتنا ہی خوبصورت تصور کیا جاتا ہے۔ یہی سبب مدنظر رکھتے ہوئے والدین اب ایسے مخصوص تکئے اور ہیلمٹ خرید رہے ہیں جو ان کے نزدیک بچوں کے سر کو خاص دائرے کی شکل میں ڈھال سکتے ہیں۔ اس کیلئے قیمتی ہیلمٹ نما سانچے بھی خریدے جا رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ اس رجحان میں خاصی تیزی آئی ہے۔ والدین کی بڑی تعداد آن لائن یا دکانوں کا رخ کر رہی ہے۔ ان میں سب سے مشہور شے ہیلمٹ ہے جو ان کے خیال میں چپٹے سر والوں کیلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ والدین ایک دن میں کئی گھنٹے تک بچوں کے سر پر ہیلمٹ نما سخت ٹوپی پہنائے رکھتے ہیں۔