کئی آدم خور مگرمچھ فارم سے فرار،خوف و ہراس پھیل گیا

Published On 09 March,2021 11:16 am

کیپ ٹاؤن:(روزنامہ دنیا) جنوبی افریقہ میں خطرناک آبی جانور ’مگر مچھ‘ بریڈنگ فارم سے فرار ہوگئے جس سے علاقے بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے جانی نقصان سے بچنے کیلئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں۔ واقعہ جنوبی افریقی صوبے ویسٹرن کیپ میں پیش آیا جہاں ایک فارم سے کئی مگرمچھ رفوچکر ہوکر قریب ہی موجود دریا میں کود گئے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام جانوروں کی تلاش تک شہری گھروں میں رہیں اور دریا کے اطراف کوئی بھی شخص نظر نہ آئے ۔متعلقہ ادارے نے ان مگرمچھوں کو آدم خور قرار دیا ہے تاکہ شہری اپنی حفاظت یقینی بنائیں۔محکمہ جنگلات کا عملہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ انتظامیہ نے مگرمچھوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔

نیل نامی فرار ہونے والے مگرمچھوں کی عموماً لمبائی تقریبا 5 میٹر تک ہوتی ہے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مگرمچھ روزانہ کی بنیاد پر غذا کے عادی ہیں کھانا نہ ملنے پر انسانوں پر حملہ کرسکتے ہیں۔