سونے اور ہیرے کے سفوف سے تیار کردہ دنیا کا مہنگا ترین صابن

Published On 23 November,2020 09:25 pm

تریپولی: (ویب ڈیسک) اس مہنگے ترین صابن کو لبنان کی ایک کمپنی بناتی ہے۔ اس کی تیاری میں سونے کے سفوف کا خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جس سے اس کی قیمت لاکھوں روپے تک پہنچ جاتی ہے۔

لبنانی کمپنی کے تیار کردہ   خان الصابون   نامی اس صابن کو 2013ء میں قطر کی خاتون اول کو تحفہ میں دینے کیلئے خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔

اس کمپنی کا تعلق لبنان کے معروف شہر تریپولی سے ہے۔ اس خاص اور مہنگے ترین صابن کی تیاری میں سونے کے ذرات اور اس کا سفوف خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس صابن کی قیمت ساڑھے چار لاکھ روپے پاکستانی ہے۔

یہ خاص صابن گزشتہ پانچ سو سالوں سے لبنان میں بنایا جا رہا ہے۔ یہ صابن مہنگا ترین ہونے کی وجہ سے صرف خاص دکانوں پر ہی بکتا ہے جو متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔ اسے صرف ارب پتی لوگ ہی خریدنے کی سکت رکھتے ہیں کیونکہ ایک چھوٹے سے صابن کی لاکھوں روپے قیمت غریبوں کا ہوش اڑا دینے کیلئے کافی ہے۔

اس صابن کی تیاری میں مہنگی ترین کجھوروں کا رس، خالص شہد اور خالص زیتون کا تیل اور خالص سونا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے صرف گاہکوں کی فرمائش پر ہی تیار کیا جاتا ہے۔