2 ہزار سال پرانی 2 لاشیں درست حالت میں دریافت

Published On 23 November,2020 12:47 pm

روم : (روزنامہ دنیا) قدیم رومی سلطنت کا شہر پومپئی دنیا میں عبرت کا مقام سمجھا جاتا ہے جو 2 ہزار سال قبل آتش فشاں پھٹنے سے تباہ ہوکر راکھ میں دب گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اب وہاں سے 2 افراد کی لاشیں دریافت ہوئی ہیں جو لگ بھگ درست حالت میں ہیں،یہ لاشیں پومپئی شہر کے نواح میں ایک ولا کی کھدائی کے دوران دریافت کی گئیں۔دونوں میں سے ایک شخص کی عمر 18 سے 25 سال اور دوسرے کی 30 سے 40 سال کے درمیان تھی۔ کم عمر شخص کی ریڑھ کی ہڈی میں متعدد نشانات تھے جس کے سبب لگتا ہے کہ وہ ایک غلام تھا جبکہ دوسرا شخص مضبوط ہڈیوں کا مالک تھا۔

پومپئی آرکیالوجیکل پارک کے ڈائریکٹر ماسیمو اوساننا نے بتایا کہ یہ دریافت حقیقی معنوں میں دنگ کردینے والی ہے، دونوں لاشیں ایک دوسرے کے قریب موجود تھیں اور ماہرین کے خیال میں 79 صدی عیسوی میں شہر آتش فشاں پھٹنے کے سبب تباہ ہوا تھا تاہم دونوں افراد بچنے میں کامیاب ہوگئے تھے مگر اگلے دن دوبارہ دھماکے میں مارے گئے۔

سال 2018 میں بھی ایک شخص کی لاش ملی تھی جس کے ساتھ چاندی کے 20 سکے اور 2 تانبے کے سکے ملے تھے، اس تباہ حال شہر کے کھنڈرات سب سے پہلے 16 ویں صدی عیسوی میں دریافت ہوئے تھے۔