کرونا کا خوف: جہاز میں کیوں چھینکے؟ مسافر دورانِ پرواز آپس میں لڑ پڑے

Last Updated On 17 March,2020 03:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس دنیا بھر کے 150 کے قریب ممالک تک پہنچ گیا ہے، جہاں اس وائرس کے باعث بے بنیاد اور جعلی خبریں چلائی جا رہی ہیں وہیں پر کچھ ایسی دلچسپ خبریں سامنے آ رہی ہیں جو حیران کر دینے والی ہیں، ایک بین الاقوامی پرواز میں چھینکنے پر مسافر آپس میں لڑ پڑے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بین الاقوامی پرواز جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے لبنان کے دارالحکومت بیروت جا رہی تھی، دوران پرواز ایک مسافر کو چھینک آ گئی جس کے بعد پرواز مچھلی بازار بن گئی، مسافر آپس میں لڑ پڑے۔

معلوم ہوا کہ ایک مسافر نے ماسک نہیں پہنا تھا اور چھینک رہا تھا، دوسرے مسافروں نے اس سے کہا کہ وہ حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کر رہااور ماسک کیوں نہیں لگایا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ اس شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ دوسروں کو اپنی چھینک کے اثرات سے بچائے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیلنے کے بعد ڈاکٹر اور ماہرین مسلسل ہدایات جاری کر رہے ہیں کہ لوگ سختی سے احتیاط برتیں، اگر کوئی شخص بیمار ہے، کھانسی ہے یا نزلہ زکام، تو وہ لازمی ماسک استعمال کرے، تاکہ دوسرے افراد وائرس سے محفوظ رہیں۔

ادھر اس قسم کی ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں لوگ جنرل سٹورز سے ٹشو پیپرز کے حصول کے لیے لڑ رہے ہیں، اس قسم کی ویڈیو میں ایک خاتون جنرل سٹور سے بڑی تعداد میں ٹشو پیپرز ٹرے میں ڈال کر لے جاتی ہیں تو دیگر صارفین نے اس پر احتجاج کیا اور خاتون کے ساتھ جھگڑ پڑے۔

واضح رہے کہ اب تک دنیا بھر میں COVID 19 سے 6,518 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 169,717 افراد متاثر ہیں، دوسری طرف 77,776 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔