سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو 3 روز کیلئے پروازوں کی خصوصی اجازت دیدی

Last Updated On 15 March,2020 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، سعودی ایوی ایشن نے اٹھارہ مارچ تک پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے پروازوں کی خصوصی اجازت دیدی، سعودی عرب نے دنیا بھر کیلئے پروازیں بھی آج سے دو ہفتے کیلئے معطل کر دی ہیں۔

سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے اٹھارہ مارچ تک خصوصی اجازت دی ہے جس کے بعد پاکستان سے خالی جہاز جدہ اور مدینہ لینڈ کر سکیں گے، عمرہ زائرین کو واپس لایا جائیگا، زائرین کی واپسی کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رئیگا۔

سعودی حکومت نے کمرشل پروازیں دو ہفتوں کے لیے منسوخ کر دی ہیں، بیرون ملک سے کوئی پرواز سعودی عرب نہیں آئے گی، سعودی سول ایوی ایشن نے باقاعدہ ناٹم بھی جاری کردیا، پی آئی اے کو بھی پروازوں کی بندش سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔

سعودی حکومت نے اقامہ اور ویزہ ہولڈرز کو واپسی کیلئے بہتر گھنٹے کا ٹائم دیا تھا جو گزشتہ روز ختم ہوگیا، قومی ایئرلائن سمیت ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے 150 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ ملکی پروازوں سے 45 ہزار مسافروں کو سعودی عرب لیجایا اور واپس لایا گیا۔

فلائٹس کی بندش سے پاکستان سے 30 ہزار سے زائد مسافر سعودی عرب نہ جا سکے، پی آئی اے کے ساڑھے 5ہزار مسافر سعودی عرب واپس جانے سے رہ گئے۔ قومی ایئرلائن کی دو روز میں سعودی عرب کیلئے 22 فلائٹس آپریٹ ہوئیں، پاکستانیوں کو سعودی عرب سے لانے اور لے جانے کیلئے 11 اسپیشل اور 11 شیڈول پروازیں چلائی گئیں، ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن نے12 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کیں، اقامہ ویزے پر 6ہزار مسافروں کو سعودی عرب لیجایا گیا۔

کرونا وائرس کے سدباب کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں، تمام ائیرلائنز مسافروں کو پہلے جراثیم کش اسپرے اور دھوئیں کا استعمال کریں، جراثیم کش اسپرے آنے اور جانے والی تمام پروازوں میں کیا جائے۔ ملکی و غیر ملکی تمام ائیر لائنز ان ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔