سعودی عرب کی اقامہ ہولڈرز کو واپسی کیلئے 72 گھنٹوں کی مہلت، ٹکٹیں نایاب

Last Updated On 13 March,2020 06:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے کرونا کے خطرے کے سبب اقامہ ہولڈرز کو واپسی کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت دیدی، سعودی ائیر لائن اور پی آئی اے کی ٹکٹیں نایاب ہونے کے سبب سعودی ائیر لائن کے دفاتر کے باہر مسافروں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ پی آئی اے کے مسافر بھی پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج بنے رہے۔

جلدی واپس آئیں، کرونا وائرس نے سعودی عرب سے چھٹیوں پر آئے افراد کو افراتفری میں ڈال دیا، سعودی حکومت نے اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کو 72 گھنٹوں کے اندر واپسی کا الٹی میٹم دیدیا۔ چھٹیوں پر پاکستان آئے شہری صبح سویرے ہی پی آئی اے اور سعودی ائیر لائن کے دفاترپہنچ گئے، واپسی ٹکٹ کٹوانے کے لیے مسافروں کی سعودی ائیر لائن کے دفاتر کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ سعودی ائیر لائن کے پاس ٹکٹ موجود نہیں جبکہ 40 ہزار روپے والا ٹکٹ ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ پی آئی اے کے مسافر بھی پریس کلب کے باہرسراپا احتجاج بن گئے، ہاتھوں میں پاسپورٹ اور ویزے اٹھائے متاثرین کا کہنا ہے کہ 72 گھنٹوں میں سعودی عرب نہ پہنچے تو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

مسافروں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اس ملک کا اثاثہ ہیں، خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے۔