صحت سے متعلق صحیح معلومات نہ دینے پر 2 کروڑ روپے جرمانہ

Last Updated On 09 March,2020 05:38 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کا خوف دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے، اس پر اسرار بیماری نے جہاں ہر طرف پنجھے گاڑھے ہیں وہیں پر خوف و ہراس بڑھانے کے لیے جعلی خبروں کا سہارا لیا جا رہا ہے، ان خبروں پر قابو پانے کے لیے مختلف ممالک کی حکومتوں متحرک ہیں، تاہم کرونا وائرس سے متعلق ایک خبر سعودی عرب سے آئی ہے جہاں صحت کے متعلق صحیح معلومات فراہم نہ کرنے پر مسافر کو پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہو گا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی سرحدی چوکیوں پر صحت کے متعلق صحیح معلومات فراہم نہ کرنے پر مسافر کو پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔ یہی ضابطہ سفری سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں پر بھی لاگو ہو گا۔

سعودی پبلک پراسیکیوشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا کہ فضائی، بری یا سمندری راستوں سے سعودی عرب آنے والا ہر شخص خواہ سعودی شہری ہو یا غیر ملکی، اسے چاہیے کہ اپنی صحت کے حوالے سے صحیح معلومات فراہم کرے۔

پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ سرحدی چوکیوں پر موجود اہلکاروں سے صحت کے متعلق معلومات چھپانا قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔

ادارے نے کہا ہے کہ یہ ضابطہ نہ صرف مسافروں پر لاگو ہے بلکہ فضائی، بری اور بحری سفر کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں پر بھی ہوگا۔