امریکی عدالت سے 'ملزم' ہرن گرفتار

Last Updated On 30 November,2018 10:39 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکی عدالت میں اچانک ہرن گھس آنے پر وکلا اور جج سمیت دیگر ہکا بکا رہ گئے، اس دوران نہ صرف عدالتی کارروائی معطل کرنا پڑی بلکہ ہرن نے بھاگنے کی کوشش میں کرسیوں میزوں کو ٹانگیں مار کر کمرہ عدالت کو کباڑ خانے میں بدل دیا۔ محمکہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملزم ہرن کو "گرفتار" کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست آرکنساس میں ایک عدالت کی عمارت میں کارروائی معمول کے مطابق جاری تھی کہ ایک غیر متوقع مہمان کی آمد پر سب ششدر رہ گئے۔ عمارت میں ایک ہرن شیشے کی کھڑکی توڑتا ہوا اندر داخل ہوا اور بوکھلاہٹ میں نہ صرف وہ کرسیوں اور میزوں کو گراتا ہوا دکھائی دیا بلکہ شیشے سے ٹکرانے کے باعث زخمی بھی ہو گیا۔

عدالت میں موجود پولیس اہلکاروں نے بہتیری کوشش کی کہ ہرن پر قابو پا لیں لیکن جنگلی ہرن ان سے زیادہ ہوشیار نکلا اور مسلسل اودھم مچاتا رہا۔ محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے آ کر ہرن کو قابو کیا۔