منفرد فن پارے بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرنےکا خواہشمند پاکستانی نوجوان

Last Updated On 03 October,2018 09:47 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) زیادہ تر لوگ پنسل کو صرف تحریر کیلئے ہی استعمال کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس سے فنکاری کے جوہر دکھا کر بھی سب کو حیران کر دیتے ہیں۔

 

کراچی سے تعلق رکھنے والے فنکار بلال آصف بھی ایک مرتبہ پھر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلئے ’’پنسل جھولا‘‘ تیار کر رہے ہیں۔ بلال آصف پنسلوں کو تراش کر تزئین و آرائش سے متعلق اور دیگر اشیا بنانے کی مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے 2013 میں پنسلوں سے سب سے اونچا ٹاور بنا کر امریکی آرٹسٹ کا ریکارڈ توڑا تھا اور اب بلال 26 ہزار 370 سے زائد پنسلوں کو تراش کر ’’پینسل جھولا‘‘ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں جس کا مقصد دوسری بار عالمی ریکارڈ قائم کرنا اور پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔

ابتدا میں انہوں نے پنسلوں سے آرائشی اشیا اور دیدہ زیب جیولری بنائی اور اب انہیں یقین ہے کہ پنسلوں والا جھولا ایک نیا ریکارڈ ثابت ہو گا۔ بلال آصف نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ پنسلوں سے جھولا تیار کرتے ہوئے دکھائی دیئے، بلال آصف نے اپنی فیس بک پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ وہ پنسلوں والے جھولے کو رواں برس دسمبر میں پیش کرینگے۔