سیمنٹ کے 40 خالی تھیلوں سے دلہن کا ’عروسی لباس‘ تیار

Last Updated On 01 October,2018 10:14 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے دیہات کی رہائشی 28 سالہ لی لی تان ایک کسان ہیں جو زرخیز زمین ہی نہیں بلکہ ایک تخلیقی ذہن بھی رکھتی ہیں۔ لی لی تان نے شادی میں مہنگے عروسی لباس پہننے کی خواہش مند خواتین کے لیے ایک انوکھی ترکیب سوچی جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔

شادی انسانی زندگی کا اہم ترین موڑ ہے۔ یہ خوشیوں بھرے لمحات ہوتے ہیں جنہیں ہر خاندان اپنے اپنے علاقائی تہذیبوں سے مزید رنگین اور خوشنما بناتے ہیں۔ سب ہی کی خواہش ہوتی ہے ان لمحات کو یادگار بنالیا جائے۔ تاہم شادی کے اخراجات ان خواہشات کے پورا ہونے میں بڑی رکاوٹ بنتے ہیں۔

چین میں ایک خاتون لی لی تان کسان نے سیمنٹ کے 40 استعمال شدہ تھیلوں سے عروسی لباس تیار کرلیا۔لی لی تان کے گھر میں تعمیراتی کام جاری تھا اور اس دوران سیمنٹ کے خالی تھیلوں کا انبار لگ گیا جنہیں کام میں لانے کے لیے بے کار تھیلوں سے عروسی لباس تیار کرلیا اور اس کام میں انہیں صرف تین گھنٹے لگے۔ عروسی لباس کا ڈیزائن لی لی تان نے ایک فیشن میگزین میں دیکھا تھا۔

لی لی تان نے سیمنٹ کے خالی تھیلوں کو کپڑے کی طرح استعمال کرتے ہوئے 40 تھیلوں کو باندھنے والی ڈوری کی مدد سے خود ہی عروسی لباس سی لیا۔ عروسی لباس زیب تن کیے لی لی تان کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی ملی۔