سویڈن میں مویشیوں کو چرانے کیلئے سحر انگیز موسیقی کا رواج

Last Updated On 15 September,2018 09:46 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) دنیا بھر میں مویشی پالنے والے افراد اپنے جانوروں کیلئے الگ زبان اور انداز مخصوص کر دیتے ہیں جس سے ان کے جانور بہت مانوس ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک انوکھی زبان سے متعارف کرانے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سکینڈے نیوین ممالک میں مویشیوں کو بلانے کیلئے اونچے سروں میں ایک مخصوص دھن بجائی جاتی ہے جو سننے میں بہت خوبصورت اور سحر زدہ لگتی ہے۔ یہاں کے لوگ مویشیوں کو چرانے کیلئے پہاڑوں کی طرف بھیج دیتے ہیں اور پھر شام کے وقت واپس بلانے کیلئے اس مخصوص آواز کا استعمال کرتے ہیں جسے سن کر مویشی دوڑے چلے آتے ہیں۔

ایسے میں ڈھلتی شام کے وقت سرسبز میدانوں میں گونجتی یہ موسیقی اور مویشیوں کے گلے میں بندھی گھنٹیوں کی کھنکھناہٹ سے ماحول نہایت سحر انگیز سا ہوجاتا ہے۔ یہاں ہر خاندان میں یہ موسیقی ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے جو عموماً نسلوں تک سفر کرتی ہے گو کہ یہ روایت بہت کم ہو گئی ہے تاہم ناروے اور سویڈن میں اب بھی اس کا رواج موجود ہے۔