ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘میں وزیر اعظم عمران خان سے متعلق سوال پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
وزیر اعظم عمران خان ہمسایہ ملک ہندوستان میں بھی خاصے مقبول ہیں۔ اداکار امیتابھ بچن کے گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘کی حال ہی میں نشر ہونے والی قسط میں امیتابھ بچن نے شو میں شریک شخص کو سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی ایک آڈیو ریکارڈنگ سنائی جس میں وہ عمران خان کی تعریفیں کررہے ہیں۔
امیتابھ بچن نے شو میں شریک شخص سے پوچھا کہ آڈیو میں موجود شخص کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں جس کے جواب میں اس شخص نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کے بارے میں بات کررہے ہیں۔
جس پر امیتابھ بچن نے پوچھا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ بات عمران خان سے متعلق ہورہی ہے جس پر اس شخص نے جواب دیا کہ عمران خان پہلے کرکٹ میں کریئر بناچکے ہیں اور اب حال ہی میں پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ اس شخص کے فوراً جواب دینے پر امیتابھ بچن سمیت ہال میں موجود تمام لوگوں نے تالیاں بجا کرانہیں سراہا۔ بعد ازاں امیتابھ بچن نے اس شخص کی معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 18 اگست کو پاکستان کے 22 وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں