پیزا کمپنی کا ٹیٹو بنوانے اور پائیں عمر بھر کیلئے فری پیزا

Last Updated On 12 September,2018 06:14 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں ڈومینو پیزا کی ایک برانچ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا لوگو اپنے جسم پر بنوانے والے پہلے 350 افراد کو 100 سال تک مفت پیزا دیا جائے گا اور ایک شخص سال میں 100 پیزا حاصل کرسکے گا۔ صرف 5 روز میں 350 افراد نے پیزا لوگو اپنے جسم پر ٹیٹو کی صورت میں بنواکر یہ پیشکش حاصل کرلی۔

اس کے لیے سادہ سی شرط یہ رکھی گئی تھی کہ وہ صارف اپنے بدن کے کسی نمایاں حصے پر کمپنی کا لوگو ٹیٹو کی طرح چسپاں کروائے اور اس کے بعد مفت پیزا کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ انتظامیہ نے اس کا اعلان 31 اگست کو کیا تھا اور کمپنی کا خیال تھا کہ صرف چند لوگ ہی اپنے بدن پر عمر بھر کے لیے ٹیٹو گدوانے پر راضی ہوں گے لیکن پیزا کے دیوانے اس پیشکش پر پاگل ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے ٹیٹو والی تصاویر کا ڈھیر لگادیا اور صرف 5 دن میں 350 لوگوں کی حد مکمل ہوگئی جس کے بعد کمپنی کو مقابلہ بند کرنا پڑا۔

شرط رکھی گئی تھی کہ کمپنی کا لوگو کم سے کم دو سینٹی میٹر چوڑا ہو اور اس پر ڈومینو لوگو واضح دکھائی دے رہے ہو لیکن مقررہ تعداد مکمل ہونے کے باوجود بھی سیکڑوں افراد نے لوگو اپنے جسم پر گدوالیا۔ اس کے باوجود وہ اب اس فہرست میں شامل نہیں کیونکہ 350 پہلے لوگوں کی فہرست مکمل ہوچکی ہے۔