سمندر میں ناراض آکٹوپس کا غوطہ خور پر حملہ

Last Updated On 03 September,2018 03:42 pm

ماسکو (نیٹ نیوز) روس کے گہرے سمندر میں تصویر بنانے پر ناراض آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق سمندر میں رہنے والا آکٹوپس جسے 8 ٹانگیں ہونے کی وجہ سے ہشت پا بھی کہا جاتا ہے بظاہر تو بے ضرر جاندار لگتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کوئی بات اس جانور کو ناپسند ہو تو یہ کتنا خطرناک ہو جاتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر روسی غوطہ خور کی وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تصاویر اور ویڈیو بنانے پر آکٹوپس نے غصے میں روسی غوطہ خور پر کیسے حملہ کیا۔ روس کے گہرے سمندر میں آکٹوپس نے غوطہ خور پر حملہ کرکے چار چار ہاتھوں سے اسے ایسا جکڑا کہ ڈائیور کا خود کو چھڑانا مشکل ہوگیا۔

ہشت پا کہی جانے والی سمندری مخلوق نے غوطہ خور کا کیمرا بھی چھوڑ نے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ اب سے 40 کروڑ سال قبل وجود میں آنے والا یہ جانور زمین کے اولین ذہین جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے یعنی جس وقت یہ زمین پر موجود تھا اس وقت ذہانت میں اس کے ہم پلہ دوسرا اور کوئی جانور موجود نہیں تھا۔

آکٹوپس میں ایک خاصا بڑا دماغ پایا جاتا ہے جس میں نصف ارب دماغی خلیات موجود ہوتے ہیں اور انسانوں کی نسبت 10 ہزار گنا زائد جینز اس میں موجود ہوتے ہیں جنہیں یہ مخلوق اپنے مطابق تبدیل کر سکتی ہے۔