امریکہ میں گھنے بالوں سے لدی بھیڑ نما بلی

Last Updated On 03 September,2018 12:08 pm

لاہور(نیٹ نیوز) امریکی کاؤنٹی ڈوگلس میں جانوروں کی نگہداشت کے ادارے کو ایسی بلی ملی ہے جس کے صرف بالوں کا وزن ساڑھے چار پونڈ تھا، گھنے اور وزنی بالوں کی وجہ سے وہ ایک قدم بھی نہیں چل پا رہی تھی۔

امریکہ کی ڈوگلس کاؤنٹی میں واقع جانوروں کی نگہداشت کے ادارے کے باہر رکھے پنجرے میں نامعلوم شخص ایک بلی کو چھوڑ گیا۔ پہلی نظر میں عملے کو یہ ایک لحاف یا کمبل محسوس ہوا جسے کوئی غلطی سے پنجرے میں ڈال گیا ہو تاہم جب عملے نے بے حرکت چیز کو اُٹھایا تو انکشاف ہوا کہ یہ ایک بلی ہے۔

پنجرے میں پائی گئی یہ پالتو بلی عام بلیوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑی جسامت رکھتی ہے اور کسی گھنے بالوں والی بھیڑ کی طرح دکھائی دے رہی تھی جس کی وجہ اس کے جسم پر بے تحاشا بالوں کی افزائش ہے جو لمبی لمبی زلفوں کی طرح الجھی ہوئی تھیں لیکن اس کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ وہ ایک قدم بھی نہیں چل پا رہی تھی۔

عملے نے بھیڑ نما بلی کو وزنی اور لمبے بالوں سے نجات دلائی جس کے بعد بالوں کا وزن کیا گیا تو ناقابل یقین حد تک ان کا وزن پانچ پونڈ کے لگ بھگ نکلا۔ بلی بالوں کے بوجھ سے آزاد ہونے کے بعد دوڑنے لگی تاہم اس کی چال سے لگتا ہے کہ ایک عرصے سے وہ حرکت نہیں کر سکی تھی۔