استنبول کے ریستوران میں گھومتا شیر لوگوں کی توجہ کا مرکز

Last Updated On 19 July,2018 10:37 am

استنبول: (روزنامہ دنیا) استنبول کے ایک ریستوران میں صارفین کی دلچسپی کے لیے شیشے کے پنجرے میں شیر کو رکھا گیا ہے جب کہ یہاں مگر مچھ کے علاوہ دیگر جانور بھی موجود ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق استنبول کے ضلع بیکوز میں ایک ایسا انوکھا ریستوران بھی ہے جس کے مالک کو پکوان کے علاوہ جنگلی جانور پالنے کا بھی شوق ہے اور اپنے اسی شوق کو اس نے ’میو زو‘ نامی ریستوران قائم کر کے پورا کیا۔

اس ریستوران میں شیر کے علاوہ خوبصورت پرندے ، مگر مچھ اور گھوڑے بھی موجود ہیں لیکن کھانے کی میزوں کے بیچوں بیچ موجود شیشے کے پنجرے میں آزادی سے گھومتا ہوا شیر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیاپر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعلقہ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے ریستوران کے مالک کو طلب کر لیا ہے اور شیر کو چڑیا گھر منتقل کئے جانے کا امکان ہے تاہم مگر مچھ اور دیگر پرندے ریستوران میں ہی موجود رہیں گے۔