سانپ کے کٹے ہوئے سر نے امریکی شہری کو ڈس لیا

Last Updated On 10 June,2018 08:42 pm

ٹیکسس: (دنیا نیوز) امریکی ریاست ٹیکسس میں سانپ کے کٹے ہوئے سر نے شہری کو ڈس لیا، جان بچانے کے لیے 26 مرتبہ زہر کا توڑ کرنے والی دوا دی گئی۔

امریکی ریاست ٹیکسس کا رہائشی اپنے باغیچے میں کام کر رہا تھا کہ اسے ایک چار فٹ لمبا سانپ نظر آیا، اس نے فوراً اس کا سر کاٹ دیا۔ جب وہ مردہ سانپ کی باقیات کو تلف کرنے کے لیے اٹھانے لگا تو سانپ کے سر نے اسے کاٹ لیا۔ جس کے بعد اسے فوری طور پر ہیلی کاپٹر میں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی جان بچانے کے لیے اسے زہر مار دوا کروفیب 26 مرتبہ دی گئی۔

یونیورسٹی آف ایریزونا میں زہر کا اثر ختم کرنے کی ماہر ڈاکٹر لیزلے بوئیر نے سانپوں کو مارنے کی کوشش کرنے اور بالخصوص انھیں کاٹ کر مارنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ خیال رہے کہ ایک سانپ مرنے کے کئی گھنٹوں بعد تک بھی ڈسنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔