کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے میوزک سٹریمنگ ویب سائٹ ’سپاٹی فائے‘ سے براہ راست میوزک شیئر کرنے کے فیچر پر آزمائش کی جا رہی ہے۔
واٹس ایپ اپڈیٹ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق جلد ہی صارفین کو سپاٹی فائے سے براہ راست میوزک شیئر کرنے کے فیچر تک رسائی دی جائیگی، فیچر سے صارفین سپاٹی فائے سے اپنے کسی بھی پسندیدہ گانے کی آڈیو کو واٹس ایپ سٹیٹس یا سٹوری پر شیئر کر سکیں گے۔
فیچر کے تحت صارفین کو سپاٹی فائے پر شیئرنگ کے آپشن میں براہ راست واٹس ایپ کا آپشن بھی نظر آئے گا۔
سپاٹی فائے سے براہ راست میوزک شیئر کرنے پر واٹس ایپ سٹوری میں سپاٹی فائی کی ویب سائٹ کا لنک میوزک کی صورت میں شیئر ہوجائیگا۔
مذکورہ فیچر بالکل ایسے ہی کام کرے گا، جیسے کسی بھی فیس بک اور انسٹاگرام پوسٹ کو واٹس ایپ سٹوری میں شیئر کیا جاتا ہے، تاہم سپاٹی فائے میوزک شیئر کرتے وقت گانے کی سکرین بھی نظر آئے گی۔
ابھی مذکورہ فیچر پر آزمائش کی جا رہی ہے، جلد ہی اس کی آزمائش کو بڑھا کر مزید صارفین کو بھی اس تک رسائی دی جائے گی، جس کے بعد اسے آئندہ چند ماہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔