چینی سفیر کی وفاقی وزیر آئی ٹی سے ملاقات، ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

Published On 24 March,2025 07:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ کی وفاقی وزیر آئی ٹی سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیا گیا، پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون پر اتفاق ہوا۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں چین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا، پاکستان میں ای-گورننس اور سمارٹ سٹیز کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستانی طلبہ کے لیے چین میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس کے ڈگری پروگرامز پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان آئی سی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس میں تربیتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی سفیر کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، پاکستان میں آئی سی ٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چینی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

چین کے ساتھ تبادلہ پروگرام اور تربیتی مواقع کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پاکستان اور چین کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت میں باہمی تعاون پر اتفاق ہوا، ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چین کے ساتھ اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔