محکمہ صحت کا سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں جاری کرنے کا حکم

Published On 26 March,2025 12:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہسپتالوں کے دورے کام کر گئے، غریب مریضوں کو اب ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات ملیں گی۔

ہسپتالوں میں کون کون سے دوائی ہے، اب سب کی نظر میں ہو گی، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے بڑا اقدام اٹھا لیا، محکمہ صحت سپیشلائزد ہیلتھ نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور آئی سی یو میں سرجیکل و ڈسپوزیبل سامان کو ہر صورت ممکن بنایا جائے، ہر ہسپتال کی ایمرجنسی و آئی سی یو میں ہر صورت میں سرنجیز، کینولا، ڈرپ سیٹ، سرجیکل گلووز، سرجیکل ٹیپ بٹرفلائی نیڈلز موجود ہونی چاہئے۔

مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ سرجیکل سوچرز، یورین بیگ، فولی کیتھر، کاٹن رول، کاٹن بینڈیج بھی موجود ہونی چاہئے، نیسوگیسٹرک ٹیوب اور اینڈتراچیل ٹیوب موجود ہونی چاہئے، ہر سرکاری ہسپتال اب ادویات کی ڈیجیٹل اور مینئول فہرستیں آویزاں کرے گا۔

محکمہ ہیلتھ کے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں شکایات کاؤنٹرز فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو کوئی پریشانی نہیں آنی چاہئے، ہسپتالوں میں ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری کردہ مراسلہ میں ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے، تمام فیصلے سپیشل سیکرٹری صحت آپریشنز پنجاب طارق محمود رحمانی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کئے گئے۔