کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے نوجوانوں اور طلبہ میں مقبول ’اسٹیم‘ فیڈ تک تمام صارفین کو رسائی دینے کا اعلان کر دیا۔
شارٹ ویڈیو سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے ’اسٹیم‘ فیڈ کو ابتدائی طور پر مارچ 2023 میں متعارف کرایا تھا اور مذکورہ فیڈ کو نوجوانوں اور طلبہ کیلئے ہی پیش کیا گیا تھا، لیکن اب ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ مذکورہ فیڈ تک اب بڑی عمر کے صارفین کو بھی رسائی دی جائے گی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ’اسٹیم‘ فیڈ پر تمام عمر کے افراد کو رسائی دینے کے پہلے مرحلے میں امریکا، برطانیہ اور آئرلینڈ جیسے ممالک کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں صارفین کیلئے مذکورہ فیڈ کو بائی ڈیفالٹ کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق مذکورہ فیڈ کو اب 18 سال سے زائد عمر افراد بھی دیکھ سکیں گے، اس سے قبل مذکورہ فیڈ صرف 18 سال تک کے صارفین کو دکھائی دیتی تھی۔
ممکنہ طور پر کمپنی دوسرے مرحلے میں مزید ممالک میں بھی ’اسٹیم‘ فیڈ تک ہر عمر کے صارفین کو رسائی دے گی۔
’اسٹیم‘ یعنی ’سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ‘ کے موضوعات پر بنائی جانے والی تمام ویڈیوز کو ایک ہی فیڈ میں دکھایا جاتا ہے، ٹک ٹاک نے ’اسٹیم‘ فیڈ میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انٹرنیشنل فیکٹ چیکر تنظیم ’پوائنٹر‘ اور ’کامن سینس نیٹ ورک‘ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
’اسٹیم‘ فیڈ کو اب بھی پوری دنیا میں متعارف نہیں کرایا گیا، درجنوں ممالک کے طلبہ بھی فی الحال مذکورہ فیڈ تک رسائی سے محروم ہیں، لیکن ترتیب وار کمپنی اس فیڈ کو وسعت دے رہی ہے۔