میٹا نے انسٹاگرام میں ایک اہم تبدیلی کردی

Published On 28 October,2024 08:44 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا نے خاموشی سے انسٹا گرام میں ایک اہم تبدیلی کر دی ہے، انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس تبدیلی کا انکشاف کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انسٹا گرام میں کچھ ویڈیوز کی کوالٹی کو دانستہ طور پر کم کر دیا جاتا ہے، یعنی اگر آپ کی ویڈیوز انسٹا گرام پر دھندلی نظر آرہی ہیں اور دیگر افراد کی ویڈیوز بہترین تو ایسا کمپنی کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

درحقیقت کمپنی کی جانب سے ویڈیوز کے معیار کا تعین اس بات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے کہ اس کے ویوز کتنے ہیں۔

ایک ویڈیو میں ایڈم موسیری نے اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ہم معیاری ویڈیوز کو اپنے پلیٹ فارم پر دیکھنا چاہتے ہیں، مگر جب کسی ویڈیو کو کافی وقت سے نہیں دیکھا جاتا تو ہم اس کی کوالٹی کم کر دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر پھر اس ویڈیو کو دوبارہ بہت زیادہ دیکھا جاتا ہے تو ہم اسے دوبارہ ہائی کوالٹی میں تبدیل کر دیتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہمارے پلیٹ فارم میں لوگوں کو بہترین مواد دکھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں ایک تھریڈز پوسٹ میں ایڈم موسیری نے بتایا کہ انسٹا گرام کے متعدد وسائل ایسے صارفین کی ویڈیوز کے لیے مختص کیے جاتے ہیں جن کو بہت زیادہ دیکھا جاتا ہے۔