پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جامعہ پشاور میں منشیات پاک مہم کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آنے والے وقت میں نوجوانوں نے ملک کا نظام چلانا ہے، نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کے دیگر صوبوں کے منشیات کے عادی افراد کا بھی علاج کیا گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلی مہم کے دوران کئی غیر ملکی شہریوں کی بحالی پر بھی کام کیا گیا، منشیات کے عادی افراد کے علاج کی مہم کل سے شروع ہوگی، تمام کمشنرز ڈیٹا مرتب کریں اور کام شروع کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورے صوبے میں اس مہم کو بڑھایا جائے، منشیات سمگلروں کو جتنی زیادہ سزا دی جائے وہ کم ہے، بڑے مافیا جو منشیات بناتے ہیں وہ کنٹرول میں نہیں آرہے، سب کو اجازت ہے ان کے خلاف کارروائی شروع کریں، سب پر ہاتھ ڈالیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کوئی مافیا کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، خود اعتمادی بہت بڑی چیز ہے، منشیات استعمال کرنے والے خود اعتمادی کھو دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک اور والدین کا مستقبل اور اثاثہ ہیں، ملک اور نظام کو اٹھانے کے لئے نوجوانوں کو پراعتماد ہونا ہوگا منشیات فروشوں کی شناخت کریں۔