کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے پاکستان بھر کے نوجوانوں میں ڈیجیٹل سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے #DigitalHifazat مقابلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ مقابلہ ٹک ٹاک کے کریئیٹرز کو ایسی مختصر اور مؤثر ویڈیوز تیار کرنے کی دعوت دیتا ہے جن میں چھ اہم شعبوں پر روشنی ڈالی گئی ہو۔
مقابلے کے تحت مواد تخلیق کار سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن ہراسانی کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے سیفٹی ٹولز کو سمجھنا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کو روکنے جیسے موضوعات پر مختصر ویڈیوز بنا سکیں گے۔
مقابلے کے ذریعے ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کا مقصد پلیٹ فارم کے صارفین کو ڈیجیٹل سیفٹی کا پیغام پھیلانے اور شیئر کرنے سے قبل معلومات کی تصدیق کے رُجحان کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس مقابلے میں شرکت کر کے صارفین دوسروں کو ذمہ دارانہ آن لائن طرز عمل کے بارے میں آگاہی دینے میں کردار ادا کر سکیں گے اور سب کے لئے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی تخلیق میں حصہ لیں گے۔
یہ #DigitalHifazat مقابلہ ٹک ٹاک کی اُن اقدار کو برقرار رکھنے اور اپنی عالمی برادری کیلئے ایک محفوظ اور مثبت مقام برقرار رکھنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
کریئیٹرز #DigitalHifazat ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی ویڈیوز پوسٹ کر کے ptaofficialpk @ کو ٹیگ کر کے مقابلے میں شامل ہوسکتے ہیں، انگریزی اور اردو زبانوں میں دستیاب ٹک ٹاک پر مقابلے کے آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم پُر کر کے ویڈیوز کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے۔
ایپ پر #DigitalHifazat ہیش ٹیگ تلاش کر کے پیج تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
کامیاب ویڈیوز کا انتخاب کانٹینٹ کے معیار، موضوع سے مطابقت اور ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی تعمیل کی بنیاد پر کیا جائے گا، نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور کامیاب شرکت کنندہ کو ایپل آئی پیڈ ایئر دیا جائے گا جبکہ 2 رنر اپ کو سام سنگ سمارٹ فون ملیں گے۔
مذکورہ مقابلے میں 13 برس اور اس سے زائد عمر کے صارفین شرکت کر سکیں گے۔
ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل خواندگی اور تحفظ کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے، یہ مقابلہ جو کہ 20 اکتوبر سے شروع ہوچکا ہے، 05 نومبر 2024 تک جاری رہے گا۔