لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد10 لاکھ سے تجاوز کر گئی، وزرات صحت نے ٹی بی کو صحت عامہ کا بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔
اربوں کے فنڈز خرچ لیکن ٹی بی پر قابو نہ پایا جا سکا۔ ملک بھر میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ 5500 مریض ہر سال ٹی بی کے باعث موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
ٹی بی کے زیادہ تر کیسز 15 سے 45 سال کی عمر کے افراد میں رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ بچوں میں اس کی شرح 12 فیصد ہے۔
ٹی بی کنٹرول پروگرام کے مطابق رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے زائد اور غیر رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ اب کیسز رجسٹر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ٹی بی کا 6 ماہ کا کورس ہوتا ہے جسے مختلف کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔
متاثرہ مریض بھی آگاہی نہ ہونے کے باعث ٹی بی کے مرض میں تشویشناک حالت تک چلے جاتے ہیں۔