طویل عمر پانے کیلئے ورزش سے اعصاب مضبوط بنائیں

Last Updated On 05 September,2018 12:35 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) لمبی اور صحت مند زندگی پانا کس کی خواہش نہیں، لیکن اس کے لئے کوئی ناممکن کام نہیں تو مشکل ضرور کرنا پڑے گا اور وہ ہے اپنے اعصاب کی مضبوطی کیلئے وزن اٹھانے کی عادت اپنانا ہو گی۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ مشی گن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جن لوگوں کے مسلز دیگر کے مقابلے میں مضبوط ہوتے ہیں، ان میں لمبی عمر کا امکان کمزور ساتھیوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق زندگی میں مسلز بنانے والی ورزشوں کو اپنانے میں کبھی تاخیر نہیں ہوتی بلکہ یہ معمر افراد کے لیے بہت اہم ہے کہ وہ اس طرح کے ورک آﺅٹ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں۔ تاہم ایسا ممکن نہیں تو بھی فکر مند مت ہوں، درحقیقت مسلز کا حجم نہیں بلکہ اس کی مضبوطی لمبی زندگی کے لیے ضروری ہے۔

تحقیق کے مطابق بڑھاپے کو تو روکنا ممکن نہیں مگر جسمانی طور پر مضبوطی عمر بڑھنے کے اثرات کو ڈرامائی حد تک کم کردیتی ہے۔ یہ تو سب کو معلوم ہے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنا اور صحت بخش غذا امراض قلب، ذیابیطس اور کینسر جیسے امراض سے بچانے میں مددگار ہے۔ مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ عام ورزشوں کے ساتھ وزن اٹھانے کی عادت کو اپنانا بھی ضروری ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ مسلز کی مضبوطی کو برقرار رکھنا خصوصاً درمیانی عمر میں، لمبی عمر اور صحت مند بڑھاپے کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اور اس حوالے سے سب سے اہم ہاتھوں کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہاتھ زندگی گزارنے کے لیے ضروری کاموں میں بہت اہمیت رکھتے ہیں، جیسے نہانا، صفائی، کھانا پکانا، اشیاء کی دیکھ بھال تو عام کام ہیں لیکن بھاری کام جیسے وزنی پتھر اٹھانا یا ویٹ لفٹنگ آپ کیلئے اصل کرنے کے کام ہیں۔