لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ( ر ) خالد سجاد کھوکھر نے گراس روٹ لیول پر پاکستان ہاکی کی ترویج و ترقی، مسائل کے حل اور قومی کھیل کو مقبول عام بنانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں قومی کھیل کی بہتری کے لئے کام کرے گا اور پی ایچ ایف کو سفارشات بھجوانے ، انکی منظوری کے بعد عملدرآمد سمیت ملحقہ یونٹس کے مابین ہم آہنگی کی ذمہ داریاں سرانجام دے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق فیڈریشن کی جانب سے ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو قومی کھیل ہاکی کی بہتری ، فروغ اور مقبولیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں ، ٹیکنیکل آفیشلز، ایمپائرز، کوچز کے ڈویلپمنٹ پروگراموں کی ترویج اور عملدرآمد سمیت ڈومیسٹک انفراسٹرکچر میں بہتری لانے، گراس روٹ لیول پر درپیش مسائل اور انکے احسن تدارک کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
صدر پی ایچ ایف کی منظوری کے بعد فیڈریشن نے سید محمد ظاہر شاہ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پاکستان تعینات کردیا ہے جبکہ صوبائی ڈائریکٹرز ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ میں رائے عثمان اکبر (پنجاب) ، گلفراز احمد خان (سندھ) ، حبیب اللہ کاکڑ (بلوچستان)، ضیا الرحمن بنوری ( کے پی کے )، میجر (ر) طارق احمد ورک ( اسلام آباد )، محمد مشتاق خان ( آزاد کشمیر ) اور منور عباس ( گلگت بلتستان )شامل ہیں۔
PHF announces Domestic Development Department pic.twitter.com/Tm554i2KoX
— Pakistan Hockey (PHF) (@PHFOfficial) March 17, 2023
سید علی عباس ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوآرڈنیٹر پی ایچ ایف تعینات کئے گئے ہیں۔