کراچی : (ویب ڈیسک ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی گیمز 2023 شہر میں رونقوں کا باعث بنے ہیں جس میں شامل مختلف کھیلوں میں کھلاڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، اس طرح کے مقابلے آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کراچی گیمز 2023کے حوالے سے منصورہ گراؤنڈ گلبرگ بلاک 10 میں نائٹ کرکٹ میچ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی گیمز کے نتیجے میں شہر کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے، پاکستان میں ہر نعمت موجود ہے، ضرورت صرف نیتوں کے صاف اور کام کرنے کی ہے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ملک کے حالات سدھارنے کے لیے سب کو غور کرنا چاہیے،عوام ان لوگوں کو ووٹ دیں جو مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن،ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدانوں اور پارکوں میں جو بھی کام ابھی تک ادھورے ہیں انہیں مکمل کر کے میدانوں اور پارکوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کیا جائے تاکہ وہاں آنے والے کھلاڑی اور اطراف میں رہنے والے شہری استفادہ کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس شہر کی رونقیں آباد رہیں، ہم سب کو عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے اور ہر وہ کام جو ملکی سلامتی کے لیے ہو اسے ضرور مکمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی گیمز 2023 دس دن تک شہر کے مختلف مقامات پر جاری رہیں گے، عوام ان کھیلوں کے مقابلوں کو ضرور دیکھنے آئیں۔
منصورہ گراؤنڈ گلبرگ میں برائٹ جیم خانہ اور محمد حسین کرکٹ کلب کے مابین 20، 20 اوورز کا میچ تھا جس میں برائٹ جیم خانہ نے ٹاس جیت کر محمد حسین کرکٹ کلب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
محمد حسین کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے بہت عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے ۔جواب میں برائٹ جیم خانہ 20 اوورز تک 7وکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز بنا سکی اور یوں میچ ہار گئی۔
گورنر سندھ کا کرکٹ ٹیموں سے تعارف بھی کرایا گیا، انہوں نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔