ہاکی کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے : طارق قریشی

Published On 14 March,2023 01:07 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) سپورٹس پنجاب محمد طار ق قریشی نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طار ق قریشی سے فیصل آباد اور گوجرہ سے تعلق رکھنے والے ہاکی اولمپیئنز کے وفد نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی اور قومی کھیل کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

وفد میں اولمپین عرفان محمود، طارق عمران ، توثیق ارشد ، لیاقت علی اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئر خاور جاوید شامل تھے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب  نے وفد کو بتایا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہاکی کے فروغ کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور تمام سٹیک ہولڈرز سے تعاون کررہے ہیں۔

طارق قریشی نے مزید کہا کہ ہاکی کی ترقی ہم سب کا مشترکہ مشن ہے جس کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ، ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے کئی ٹورنامنٹس کرائے ہیں ، نئے ٹیلنٹ کو مزید تربیت دے کر آگے لائیں گے۔

علاوہ ازیں سپورٹس پنجاب ( ایس بی پی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب سے ملاقات کے دوران وفد نے بتایا کہ ہاکی کے فروغ کیلئے گوجرہ میں پہلا استاد اسلم روڈا ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کرارہے ہیں، ٹورنامنٹ 23مارچ سے 29مارچ تک ہوگا۔