ٹوکیو: (ویب ڈیسک) کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس میں اپنے اسرائیلی حریف کیساتھ مقابلہ کرنے سے انکار کرنے والے دو مسلمان کھلاڑیوں کو اولمپک کی دوڑ سے ہی باہر کر دیا گیا ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق سوڈان کے جوڈو کھلاڑی محمد عبدالرسول اور الجیریا کے فتح نورین نے اسرائیلی حریف بتبل کا سامنا کرنا تھا لیکن دونوں کھلاڑی مقابلے کیلئے ہی نہیں آئے۔
انٹرنیشنل جوڈو فاؤنڈیشن اور اولمپکس حکام نے بھی اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
الجیریا کے جوڈو کھلاڑی فتح نورین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں نے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے کیلئے دن رات محنت کی اور اس مقام تک پہنچا لیکن فلسطینی مقصد میری اس محنت سے کہیں زیادہ بڑا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الجیرین کوچ امر بینیخلف کا بھی کہنا تھا کہ ہم نے اسرائیلی حریف کا مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ بالکل ٹھیک کیا ہے۔