ٹوکیو: (دنیا نیوز) ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی جاری ہے۔ بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد اپنا دوسرا گروپ میچ بھی سٹریٹس سیٹس سے ہار گئیں جبکہ سو میٹر تیراکی میں حسیب طارق کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد کو برطانوی حریف کرسٹی گلمور نے انہیں سٹریٹ سیٹس میں ہرا کر آؤٹ کیا۔ دوسری جانب قومی سوئمر حسیب طارق نے سو میٹر تیراکی میں انٹری ڈالی لیکن وہ بھی کامیابی نہ حاصل کر سکے۔
ٹوکیو میں کھیلوں کا عالمی میلہ جاری ہے۔ جوڈو میں میزبان جاپان کی ریکارڈ کامیابیاں جاری ہیں۔ باون کے جی ویمن، مردوں میں تہتر، چھیاسٹھ اور ساٹھ کے جی ویٹ کیٹگری میں سونے تمغے جیتے، جاپان آٹھ گولڈ کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔
سات گولڈ والے امریکی ایتھلیٹس کو دوسرے نمبر پر جانا پڑا۔ روایتی حریف چین چھ گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
امریکی ایتھلیٹس کی ڈیبیو گیم ’’تھری بائی تھری باسکٹ بال‘‘، تیر اندازی اور تیراکی میں اچھی کارکردگی رہی۔ ٹرائی تھیلون میں ایتھلیٹس نے دوڑ، سوئمنگ اور سائیکلنگ کے جوہر دکھائے۔
بھارتی ٹینس کوئین ثانیہ مرزا نے ویمن ڈبلز کا پہلا راؤنڈ جیت لیا۔ ویمن باکسنگ میں میری کوم کو بھی فتح ملی جبکہ ٹیبل ٹینس میں ’’ساتھیاں‘‘ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔